لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ گینگ ریپ کے مجرم کیلئے پھانسی کی سزا ہوگی لیکن سرعام پھانسی نہیں دی جائے گی،اس قانون کو لاگو کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور اب بل کمیٹی میں جائے گا۔اس کے بعد یہ بل منظوری کیلئے کابینہ میں آئے گا۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادتی کیخلاف قانون پراپوزیشن بھی ہمارا ساتھ دے گی۔ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت کی پہلے کورونا کے معاملے پر پالیسی یہ تھی کہ آپ نے ماسک پہننا ہے اور سینی ٹائزر استعمال کرنا ہے ۔ہم نے بھی کہا ہے کہ ہم جلسوں میں ایس اوپیز کا خیال کرینگے ، لوگوں کو ماسک پہنائیں گے اور سینٹی ٹائزر بھی مہیا کرینگے ۔اس وقت ملک میں لا قانونیت کی صورتحال ہے ۔حکومت کی گورننس بہت بری اور مہنگائی عروج پر ہے ۔اس وقت لوگوں کی جو حالت ہے کون اس پر خاموش بیٹھے گا۔اگر حالات واقعی خراب ہیں تو مکمل لاک ڈاؤن کردیں۔صدر کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ ہمارا اعتراض دکانیں بند کرنے کے وقت پر ہے ، 6بجے کا ٹائم بہت جلدی ہے ۔ انہیں 8بجے کا ٹائم کا رکھنا چاہئے تھا، یہ سردی کی راتیں ہیں۔ٹائم کم ہونے کی صورت میں مارکیٹوں میں رش بڑھ جائے گا۔دو چھٹیاں کرنے کا بھی کوئی جوا ز نہیں ۔لوگ ہفتے میں پانچ دن کی بجائے چھ دن بھی خریداری کرسکتے تھے ۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں طارق مصباح نے کہا ہے کہ تاجر صرف یہ چاہتے ہیں کہ معیشت اور کاروبار کا پہیہ چلتا رہے ۔اگر اس وقت لاک ڈائون کی صورتحال پیدا ہوئی تو چھوٹا تاجر سروائیو نہیں کرسکے گا۔دفاعی تجزیہ کار نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا سعودی عرب کا دورہ ہوا ہے یا نہیں یہ سب چیزیں جلد سامنے آجائینگی۔