لاہور(خبرنگار خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے ن لیگ نے پچھلے 10 سال میں پنجاب سمیت پورے ملک کو برباد کر دیا،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکشن میں کارکردگی کی بنا پر ووٹ دیں اور سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں۔این اے 69 اور پی پی 30 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگی حکومت نے عام آدمی کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ پنجاب میں ہماری حکومت نے اپنے 5 سال میں کسانوں، محنت کشوں، تاجروں، ملازمین سمیت ہر شعبہ میں کام کرنے والوں اور عام و غریب آدمی کیلئے بہت کام کیا اور آج تک ملکی تاریخ میں ایسے کام نہیں ہوئے جو تعلیم، صحت، نظام عدل سمیت ہر شعبہ میں کیے گئے ۔ انہوں نے کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ کا اتحاد پیرپگاڑا کی قیادت میں جی ڈی اے سے ہے ، تمام صوبوں سے امیدوار میدان میں لا رہے ہیں ،ہمارے امیدواروں کا انتخابی نشان ٹریکٹر ہے جو کسان اور زمیندار کا نشان بھی ہے ۔ انہوں نے کہا وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال شہبازشریف نے 10 سال تک آپریشنل نہیں کیا جبکہ ہمارے دور کا دریائے چناب پر شہبازپور پل بھی ان کے انتقامی جذبہ کی بھینٹ چڑھا، عوام نے ووٹ دیا تو نہ صرف وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو فعال کریں گے بلکہ شہبازپور پل بھی بنائیں گے ۔