BN

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے تاریخی مذاکرات آج، تینوں ممالک کے بھائی چارے کی ویڈیو بھی جاری

بدھ 13 جنوری 2021ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے تاریخی مذاکرات آج ہونگے جبکہ اس موقع پرتینوں ممالک کے بھائی چارے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے ۔ پاکستان سہ فریقی اجلاس کے دوسرے دور کی میزبانی کرے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی قیادت ،ترک اور آذری وز رائے خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرینگے ۔پاکستان، آذر بائیجان اور ترکی کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات ہیں ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق مذاکرات میں وزرائے خارجہ علاقائی امن و سلامتی کو درپیش نئے اور ابھرتے ہوئے چیلنجز، کورونا وائرس کی وبا اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث چیلنجز سمیت مختلف امور پر غور کریں گے ۔تینوں فریقین ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔اس کے علاوہ تینوں ممالک باہمی دلچسپی کے امور پر سہ فریقی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی بات کریں گے جن میں امن و سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم و ثقافتی تعاون کے شعبے شامل ہیں۔تینوں ممالک کے درمیان پہلے سہ فریقی مذاکرات 2017 میں باکو میں ہوئے تھے ۔ ترکی کے وزیر خارجہ میلوت کیوسوگلو وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پرگزشتہ روزپاکستان پہنچ گئے ،وہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے دوطرفہ بات چیت کر ینگے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کر ینگے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ترک وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر دو روزہ دورے پرآج بدھ کو اسلام آباد پہنچیں گے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں

آج کے کالم