اسلام آباد،پشاور(آن لائن،سٹاف رپورٹر) نگران حکومت نے پھلوں،سبزیوں سمیت 12 غذائی اجناس کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کردی ہے ،ایف بی آر کی جانب سے ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ایف بی آرکے نوٹیفکیشن کے مطابق افغانستان اوردیگرممالک سے انگور ، سیب ، چھوٹا آڑو ، انار ، تربوز ، آلو بخارہ ، خوبانی ، چیری ، ڈرائی فروٹ سمیت 12غذائی اجناس پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی گئی ہے ۔ 5 سے 25 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد افغانستان سے درآمد شدہ فروٹ اور ڈرائی فروٹ اب سستے داموں فروخت ہو نگے اس ضمن میں صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیاگیاہے ، گزشتہ سال افغانستان سے سبزیوں کی درآمد پر5 فیصد جبکہ تازہ پھل اور ڈرائی فروٹ کی درآمد پر 25فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائدکی گئی تھی۔