ابوظہبی (نیٹ نیوز) ابوظہبی میں دنیا کے سب سے بڑے واٹر پارک یاس واٹر ورلڈ نے رواداری کا سال منانے کے عزم کے تحت ایک انوکھا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔یاس واٹر ورلڈ نے زیادہ سے زیادہ قومیتوں کے افراد کو ایک ہی سوئمنگ پول میں جمع کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا دیا۔ یہ اقدام اماراتی حکومت کی جانب سے اپنائی گئی رواداری پالیسی کے تحت کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سوئمنگ پول میں 102 ملکوں کے شہری جمع ہوئے اور انہوں نے اپنے ملکوں کے پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ ان افراد نے ایک ساتھ جمع ہو کر رواداری اور برداشت جیسی اعلیٰ اقدار اپنانے کا پیغام دیا۔اس موقع پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم بھی موجود تھی جس نے دنیا میں اس نوعیت کا پہلا ریکارڈ قائم ہونے کی تصدیق کی۔