لاہور،اسلام آباد ( رپورٹنگ ٹیم،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کا 73واں یوم آزادی آج روایتی جوش وخروش سے منایا جائے گا،رات 12بجتے ہی ملک بھرمیں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، ہرطرف سبزہلالی پرچموں کی بہارآگئی،لاہور،کراچی اورکوئٹہ میں آتشبازی کے شاندار مظاہرے کئے ،آسمان رنگوں میں نہا گیا ، ،لاہورمیں گریٹراقبال پارک میں مینارپاکستان پرآتشبازی کاشاندارمظاہرہ کیاگیا،شہریوں کی بڑی تعدادآتشبازی کانظارہ دیکھنے پہنچی، صدر ،وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہ ہمیں آج کے دن اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجادیاگیا ،کراچی میں سی ویوپریوم آزادی کی پروقارتقریب ہوئی، گورنرسندھ عمران اسماعیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، تقریب میں وفاقی وزیرعلی زیدی،اسدعمر،فیصل واوڈاشریک ہوئے ،سی ویوپرمشعل بردارریلی نکالی گئی ۔راولپنڈی میں شہریوں کی بڑی تعداد مری روڈ پرباہر نکل آئی،فضاپاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونجتی رہی،چھوٹے بچوں کی بھی بڑی تعدادسبزہلالی پرچم اٹھائے نعرے لگاتی سڑکوں پرنظرآئی،پشاور،کوئٹہ اورگلگت بلتستان میں شہری سڑکوں پرنکل آئے ،شہری پاکستان زندہ بادکے نعرے لگاتے اوربابائے قوم کوخراج عقیدت پیش کرتے رہے ۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ، گھروں اور گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجادیاگیا ،سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پر چراغاں بھی کیا گیا ، سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ، سٹالوں پر خریداری کر نے والوں کا رش رہا۔ لاہور میں مرکزی تقریب حضوری باغ میں ہوگی،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار مہمان خصوصی ہونگے ۔ صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم ؒ کی ولولہ انگیزقیادت میں اپنے آبائو اجداد کی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج یوم آزادی مناتے ہوئے ہمارے دل اپنے ان کشمیری بھائیوں کے لئے دکھی ہیں جو گذشتہ ایک سال سے بھارتی افواج کے محاصرے میں ہیں ، کشمیریوں کیلئے آوازبلند کرتے رہیں گے ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی،سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری ، سردارمسعود ،راجہ فاروق حیدر، علی امین خان گنڈا پور، چودھری شجاعت ، پرویزالٰہی، طاہر القادری ، گورنر،وزیراعلیٰ سندھ ود یگر نے کہا کہ کہا کہ قائد اعظم کی عظیم جدوجہد کے باعث ہی آج ہم ایک آزاد قوم کی صورت میں دنیا کے سامنے کھڑے ہیں ۔ گورنر چودھری محمد سرور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں عوام آج پاکستان کایوم آزادی یوم تشکر کے طورپر منائیں گے جبکہ کل بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا ئیگا ، بھارتی فورسز نے یوم آزادی منانے سے روکنے کیلئے پابندیاں سخت کر کے پکڑ دھکڑ تیز کر دی ۔