اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہاہے کہ احسن اقبال کی قومی خزانے سے جھولیاں بھرنے اور خاندان کو نوازنے کی کہانی کیخلاف مکمل دستاویزی پیکیج تیار کرلیا ،جلد حکومت کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ مراد سعید کا کہنا تھاکہ احسن اقبال نے شہباز شریف کیساتھ ملکر بھائی کو ہارٹیکلچر کی ٹاسک فورس کا رکن بنایا، احسن اقبال کے بھائی پیشے کے اعتبار سے بھی ہارٹیکلچرسٹ ہیں، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ اہم منصوبوں کا ٹھیکہ احسن اقبال کے بھائی کو دینے کی سفارش کی،احسن اقبال کے بھائی کیلئے شہباز شریف کی سفارش اجلاس کی کارروائی کی صورت میں محفوظ ہے ،انہوں نے کہا احسن اقبال کے بھائی کو راولپنڈی میٹرو، لاہور میٹرو اور لبرٹی مارکیٹ پارکنگ سمیت متعدد بڑے منصوبوں کی تعمیر کے ٹھیکے دیئے گئے ، سارے عمل کے دوران پیپرا رولز کو یکسر نظراندازکیا گیا، انہوں نے کہاکہ سیاسی ارسطو نے کرپشن اور اقربا پروری کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ، مراد سعید نے کہا کہ پاکستان میں نظام سیاست و حکومت تیزی سے بدل رہے ہیں،جمہوریت کی آڑ میں قوم کو لوٹنے کی رسم اب مزید نہیں چلے گی، جس کسی نے بھی قومی وسائل پر ہاتھ صاف کئے ہیں اسے جواب دینا ہوگا۔