لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ بیوروکر یسی آئین کے مطابق کام کر ے ، ہم اداروں میں مداخلت نہیں اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں نیشنل مینجمنٹ کورس اور سینئر مینجمنٹ کورس کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والے 110 سینئر افسران کو سرٹیفکیٹس تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ افسران کو چاہیے کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اپنی استعداد کار بڑھائیں اور ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں،افسران حکومت کیساتھ ملکر کام کر یں مگر حکومت کیلئے نہیں عوام کے لئے ،موجودہ حکومت کے اقدامات نے ملک کو صحیح سمت میں ڈال دیا ہے ،وزیرا عظم عمران خان ملک میں شفافیات اور میرٹ یقینی بنا رہے ہیں، گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ ریاستی مشینری چلانے میں سول بیوروکریسی کا اہم کردار ہے افسران ملک کے آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں جب ادارے اور افسران اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرتے ہیں تو ملک اور ادارے مضبوط ہوتے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت پہلے دن سے اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے اوروزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی درست اور کامیاب پالیسوں نے ملک کو صحیح سمت میں ڈال دیا ہے ۔