لاہور(کلچرل رپورٹر) داکارعابد علی کے بچھڑنے پر جہاں ان کے اہل خانہ رنجیدہ ہیں وہیں شوبز فنکاروں نے بھی گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔اداکارہ عائشہ عمرنے عابد علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شوبز انڈسٹری کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ہمایوں سعید نے بھی گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا عابد علی نہ صرف لیجنڈری اداکار تھے بلکہ بہترین انسان بھی تھے ۔ اﷲ ان کے گھروالوں کو صبر وجمیل عطافرمائے ۔ ہم عابد علی کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔اداکارہ صبا قمرنے کہا کہ عابد علی کے انتقال کی خبرسن کر اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ اداکار شان نے کہا عابد علی ہمارے ثقافتی ہیرو تھے ۔ ہمارا آخری سلام آپ کے لیے ، خدا آپ کو جنت الفردوس میں جگہ دے ۔ماورا حسین، مایا علی، حریم فاروق، عثمان خالد بٹ، ارمینا خان، مہوش حیات، امین اقبال، عرفان کھوسٹ،زارا شیخ،عمائمہ ملک، فہد مصطفیٰ سمیت شوبز کے تمام فنکاروں نے عابد علی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔