اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقا ئع نگار ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کو اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی سے روکنا اور سفارتی عملے کی گرفتاری وتشدد مذموم اور انتہائی قابل مذمت حرکت ہے ، بھارتی مہم کا مقصد اقلیتوں کے حوالے سے عالمی بدنامی ، رسوائی سے توجہ ہٹانا ہے ،بھارت خطے میں اپنے تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے ،عالمی برادری بھارتی اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے سفارتی و عالمی قانون کے منافی رویہ پر محاسبہ کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ٹویٹ میں کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو متعصبانہ اور پرتشدد اقدامات کانشانہ بنانے والی آر ایس ایس، بی جے پی حکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی مہم شروع کرچکی ہے ، بھارتی شرپسندی اور توسیع پسندانہ سوچ چین جیسے امن اور ترقی پسند دوست ملک کو بھی سرحد پر اپنی فوج لانے پرمجبور کر چکی ہے ،نیپال کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں۔