لاہور،تلہ گنگ،چکوال(خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ 92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 27اکتوبر کے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے ۔انہوں نے ضلع چکوال اور ضلع جہلم کیلئے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا،وزیراعلیٰ نے چکوال اورجہلم کے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چکوال کے لئے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا،وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بھاگوال کا افتتاح کیا۔ ڈھوک ٹاہلیاں جھیل میں انٹرٹینمنٹ پارک اور واٹرسپورٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، وزیراعلیٰ نے چکوال کی دھارابی جھیل میں ریزارٹ اور رابطہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام کی خدمت کے ایک اور وعدہ پورا ہونے پر اطمینان محسوس کررہاہوں،صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مستحق افراد 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کرا سکتے ہیں ، چکوال کو اپنے گھر کی طرح سمجھتا ہوں،اسے ترقی کے سفر میں شامل کریں گے ،چکوال کی ایک ایک تحصیل میں جا کر مسائل کا خود جائزہ لوں گا،وزیراعلیٰ نے لاوا میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 10 برس گزر گئے لیکن تحصیل لاوا میں ہسپتال نہیں بن سکا، ماضی کی حکومت نے تحصیل لاوا کے عوام کیساتھ ہسپتال نہ بنا کر زیادتی کی،وزیراعلیٰ نے چکوال میں نیا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بنانے کابھی اعلان کیا،انہوں نے کہاکہ چکوال میں یونیورسٹی کے قیام کا بل منظور ہو گیا ، دوبارہ یہاں آ کر سنگ بنیاد رکھوں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، فلاح عامہ کے منصوبوں اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ذ ہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تندرست زندگی کا براہ راست تعلق صحت مند دماغ سے ہے ، غربت، بیروزگاری اور معاشی مسائل کے باعث ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، موبائل فون اور کمپیوٹر کا بے تحاشا اور غیر معمولی استعمال بھی ذہنی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے میر پورآزاد کشمیر کے علاقے بھونگ میں نہر ا پر جہلم کے ہیڈ ریگولیٹر کا دورہ کیا اورنہر اپر جہلم کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر گیٹ وے کھول کر پانی کی ازسرنو فراہمی کا افتتاح کیا،وزیراعلیٰ نے نہر اپر جہلم کی بحالی کیلئے دن رات کام کرنے پر محکمہ آبپاشی کے افسران اور سٹاف میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں ،وزیراعلیٰ نے تلہ گنگ میں گورنمنٹ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعدازاں وزیراعلیٰ وزیرمعدنیات حافظ عمار یاسر کی رہائش گاہ گئے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حافظ عمار یاسر سے ماموں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے سینئر رپورٹرامتیاز راشد کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔