لاہور( این این آئی )سارک چیمبر آف کامرس کے صدر رووان ادھیری سنگھے نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں چیمبرز ہیڈکوارٹرکی شاندار 10 منزلہ عمارت کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی، یہ سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ سلامتی، خوشحالی اور ترقی کی علامت اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اعتماد، یکجہتی اور باہمی تعاون کا مظہر ہوگی۔ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر اور سارک بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین افتخار علی ملک کے ساتھ کولمبو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر ہیڈکوارٹر خطے کے کاروباری اداروں کو مل بیٹھنے اور کاروباری امور پر تبادلہ خیال کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کی سب سے بڑی ترجیح تمام رکن ممالک کے مابین اچھے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوششیں، دو طرفہ و علاقائی شراکت داری اور معاشی انضمام کا حصول ہے ۔