اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لیکن پاکستان میں یہ ادارے سازگار پالیسی کی عدم موجودگی میں متعدد مسائل کا شکار ہیں لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایس ایم ای شعبے کی بہتر ترقی کیلئے جلد نئی ایس ایم ای پالیسی کا اعلان کرے جس سے یہ شعبہ بہتر فروغ پا کر معیشت کی ترقی میں موثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 90فیصد سے زائد کاروباری ادارے ایس ایم ای شعبے سے تعلق رکھتے ہیں جو مجموعی قومی پیداوار میں 40فیصد حصہ ادا کرتے ہیں، 80فیصد غیرزرعی لیبر فورس کو روزگار فراہم کرتے ہیں اور برآمدات میں اضافے کا اہم ذریعہ ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک ایس ایم ای شعبے کی پائیدار ترقی پر کوئی خصوصی توجہ نہیں دی گئی جس وجہ سے یہ شعبہ متعدد مشکلات کا شکار ہے اور صلاحیت کے مطابق ترقی کرنے سے قاصر ہے ۔