کابل ،اسلام آباد(اے ایف پی،وقائع نگار خصوصی) افغانستان میں گوردوارے پر خودکش حملہ میں 25افراد ہلاک ہوگئے ،پاکستان اور امریکہ نے دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اظہار افسو س کیا ہے ۔کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا،ایک حملہ آور نے عمارت میں داخل ہونے میں ناکامی پر خود کو اڑا لیا۔4دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ،10افراد زخمی ہوئے 4خمیوں کی حالت نازک ہے داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ طالبان کا کہنا ہے کہ حملہ قابل مذمت ہے ۔اے ایف پی کے مطابق دوحہ میں طالبان ترجمان سہیل شاہین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ کی تکنیکی ٹیم ، ریڈ کراس ، امریکہ ، قطر اور کابل انتظامیہ کی تکنیکی ٹیم کے مابین ایک پانچ حصوں کی ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی جس میں 6 گھنٹے قیدیوں کی رہائی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناافغانستان کی قومی سلامتی کونسل نے اعلان کیا کہ افغان حکومت کے عہدیدار باغی ممبروں سے باغی قیدیوں کی ابتدائی رہائی کے بارے میں بات چیت کریں گے۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل نے کہا کہ دونوں فریقین 7مارچ کے معاہدے کے حوالے سے قیدیوں کی رہائی پر متفق ہیں۔