اسلام آباد ، کراچی (وقائع نگار خصوصی،نیوزرپورٹر، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک میں معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرے ۔ وہ جمعہ کو دورہ کراچی کے موقع پر کاروباری برداری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں تاجربرادری کے ایک وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بزنس کمیونٹی کو سکیورٹی صورتحال میں بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری امن و امان کی صورتحال میں بہتری سے فائدہ اٹھائے اور ملک میں معاشی استحکام کیلئے تعاون کرے ۔تاجروں نے کاروباری مواقع بڑھانے کیلئے محفوظ ماحول بنانے پر فوج کی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری ملک میں معاشی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر شکراﷲ عاطف مشال نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے نئے افغان سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی سفارتی خدمات سے باہمی تعلقات کو فائدہ ہوگا اور ان میں وسعت آئے گی۔ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔