میلبورن (نیٹ نیوز ) آسٹریلوی پولیس نے مختلف ممالک کے سفارتخانوں کو مشتبہ پیکجز بھیجنے والا 48 سالہ مبینہ ملزم گرفتار کرلیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل پولیس کا کہنا تھا کہ مبینہ ملزم کو وکٹوریہ ریاست میں اس کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے میلبورن ، کینبرااور سڈنی میں مختلف سفارتخانوں کو 38 پارسل بھیجے تھے ۔پولیس کی جانب سے ابتک 29 پیکج بر آمد کرلیے گئے ہیں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ بقیہ 9 پارسلز سے عام عوام کو کوئی خطرہ نہیں۔ مشتبہ شخص کو میلبورن کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اس پر ڈاک کے ذریعے خطرناک مواد بھیجنے کے الزامات لگائے جائیں گے ۔ ان الزامات کے تحت ملزم کو 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔