لاہور(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اللہ کی راہ میں ملنے والی موت،موت نہیں حیات ابدی ہے ،حضرت امام حسین ؓ کی قربانی دین مصطفی کی سربلندی کیلئے تھی۔انہوں نے یزیدی نظام حکومت میں جو غلط جانا اس کے خلاف ڈٹ گئے اور جانوں کے نذرانے دئیے مگر اپنے اصول اور نظریہ پر رتی برابر لچک نہیں دکھائی۔ پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ یہ ہے کہ حق پر ڈٹ کر کھڑے ہو جاؤ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر دورمیں شہدانے جانوں کے نذرانے دئیے مگر جو قبولیت اور عالمگیریت شہدائے کربلا کے حصے میں آئی کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔ نقابت کے فرائض علامہ میر محمد آصف اکبر قادری مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل نے انجام دئے ۔ کانفرنس سے علامہ حافظ کاظم رضا نقوی راہنما تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، علامہ عبدالستار خان نیازی ،مولانا عاصم مخدوم، مولانا افضل حیدری، مفتی سید عاشق حسین، پیر ڈاکٹر بدر منیر سیفی و دیگر خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اہلبیت رسول سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔