لاہور(نامہ نگار) پنجاب الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات میں گاڑیوں کی بکنگ کے لئے ایک کروڑ تین لاکھ کا بجٹ منظور کر لیا ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ کو گاریوں کی تعداد اور آدھی رقم بھی جاری کر دی، جسے آج ٹرانسپورٹروں کو دے کر گاڑیوں کی بکنگ کر لی جائے گی ،ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پنجاب الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کااہم اجلاس ہوا ،جس میں لاہور میں موجود 3800پولنگ سٹیشنوں کے لئے 550ویگنوں ،150منی بسوں اور 150بڑی بسوں کو بک کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے جسکے لئے ایک کروڑ 3لاکھ کا بجٹ منظور کر لیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق یہ رقم دو روز کے لئے گاڑیوں کے کرائے کی مد میں جاری کی گئی ہے جس میں ویگنوں کے لئے 55لاکھ روپے ،منی بسوں کے لئے 22لاکھ 50ہزار روپے ،اور بسوں کے لئے 25لاکھ 50ہزار روپے فنڈ مختص کئے گئے ہیں ،ذرائع کے مطابق پنجاب الیکشن کمیشن کی جانب سے 51لاکھ 50ہزار روپے کی رقم کمیٹی کو جاری کر دی گئی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ تمام ٹرانسپورٹروں کو آدھی رقم ایڈوانس کے طور پر دی جائے جبکہ باقی رقم الیکشن سے تین روز بعد ادا کی جائے گی جس پر گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج ٹرانسپورٹروں کو ٹرانسپورٹ ہاؤس بلا لیا گیا ہے ۔