پشاور(سپورٹس ڈیسک) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال کے باہمی اشتراک سے تاریخ میں پہلی مرتبہ چترال کی خوبصورت وادی مداقلشت میں ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول کا رنگارنگ تقریب سے آغاز ہو گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے تین روزہ سنو فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن کے عہدیداران، مقامی شخصیات سمیت دیگر اہم حکام بھی موجود تھے ۔ تین روزہ ایونٹ میں مختلف سنو گیمز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ فیسٹیول میں سنو بورڈنگ ، آئس ہاکی، برف کی مجسمہ سازی، کرلنگ مقابلوں سمیت ایکوٹورازم ورکشاپ، باربی کیو نائٹ ، موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ چترال اور ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے اس خوبصورت سیاحتی مقام پر ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں نا صرف مقامی افراد شریک ہیں بلکہ غیرملکی سیاح بھی اس تین روزہ فیسٹیول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ بات الگ ہے کہ یہ ایک نیا سیاحتی مقام ہے اور یہاں سہولیات کی کمی ضرور ہے مگراس کے باوجود یہاں کے مقامی باشندوں نے سیاحوں کا کھلے دل سے استقبال کیا اور ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور ساتھ دیا ہے ۔