لاہور(خصوصی نمائندہ،جنرل رپورٹر)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف امدادی سرگرمیوں کیلئے مدد کرنے والوں کیلئے گورنر ہاؤس میں وال آف ہیروز بنائی جائے گی۔اگر کورونا سے ہونیوالی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگا تو اسکے ذمہ دارہم سب22کروڑ پاکستانی ہوں گے ۔پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے ابتک300کروڑ روپے کا راشن غر یب خاندانوں میں فراہم کر چکے ہیں۔پنجاب آب پاک اتھارٹی صوبے میں پینے کا غیر معیاری پانی فراہم کر نیوالی کمپنیوں کیخلاف جر مانے اورمالکان کو2سال تک سزا بھی دے سکے گی۔ گور نر ہاؤس میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر نیاز احمد،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر بشریٰ متین سمیت یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے ہمراہ پنجاب بھر کی یونیورسٹیز میں قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ لازمی پڑھانے کاحتمی پروگرام تشکیل دینے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب کے بعد پاکستان کے دیگر صوبوں اور بیرون ممالک میں بھی قر آن پاک تر جمے کیساتھ پڑ ھانے کے پروگرام کا آغاز کیا جائیگا ۔ بعدازں گور نر پنجاب سے ملاقات کے دوران نامور بزنس میاں مصباح الر حمن اور نعمت کمپنی کے خالد غازی کی جانب سے ڈاکٹر ز کیلئے پی پی ایزکٹس،ماسک اور سینی ٹائزر سمیت5ملین روپے کا سامان دیاجبکہ گور نرنے عظیم الدین لکھوی اور سر کاری ڈاکٹرز کے وفد کو قصور کے ڈاکٹرز کیلئے 1ہزار سے زائد حفاظتی کٹس اور دیگر سامان دیا۔دریں اثنا کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب میں تعاون کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ معاہدے کی رو سے اخوت فاؤنڈیشن کورونا کے ٹیسٹوں کیلئے یو ایچ ایس کو ساڑھے 11ہزار کٹس فراہم کریگی۔