انقرہ(آن لائن،صباح نیوز)روسی ایس 400میزائل ترکی پہنچ گئے جس کی ترک وزارت دفاع نے تصدیق کردی ہے ۔روس اور ترکی میں 11 اپریل 2017 کو میزائل خریداری کا معاہدا ہوا تھا ،امریکی مخالفت کے باوجود روس کے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم کی پہلی کھیپ انقرہ کے ائیر بیس پر پہنچ گئ،روسی ماہرین ایس 400اینٹی ائیرکرافٹ ڈیفنس سسٹم کو مختلف علاقوں میں نصب کرنے میں انقرہ کی مدد کریں گے ،معاہدے کے تحت ترکی فاضل پرزہ جات بھی خریدے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے میزائل خریدنے کی صورت میں ترکی پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا، امریکہ نے ترکی ایف 35 طیارے فراہم نہ کرنے کی بھی دھمکی دی ہے جس کو ترکی کی حکومت نے نظر انداز کر دیا ہے ۔امریکی مخالفت کے باوجود روس کے جدید ایس 400میزائل ڈیفنس سسٹم کی ایک کھیپ ترکی پہنچ گئی، ترک وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ مال بردار جہاز جمعہ کے روز دارالحکومت انقرہ کے ایک ائیربیس پہنچا۔ بین الاقوامی میڈیا رپوٹس کے مطابق ترکی کا میزائل سسٹم کا حصول امریکہ کی ناراضگی میں اضافہ کرے گا کیونکہ امریکا نے ترکی کو ایس 400اینٹی ائیرکرافٹ ڈیفنس سسٹم اور امریکی ایف 35لڑاکا طیارے لینے سے خبردار کیا تھا۔ترکی اور امریکا نیٹو کے اتحادی ہیں لیکن ترکی روس کے ساتھ اپنی تقریبی تعلقات استوار کررہا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی نے 100امریکی ایف 35 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کر رکھا ہے اور ساتھ ہی ایف5 3پروگرام میں بھاری سرمایہ کاری بھی کی ہے ، ترک کمپنیاں جہازوں کے 937پارٹس تیار کرتی ہیں۔ترکی نے 2.5بلین ڈالر میں روس کا جدید ایس 400ائیر ڈیفنس سسٹم خریدا ہے اور اپنی افواج کو تربیت کے لیے روس بھی بھیجا ہے ۔امریکی دفاعی حکام نے روس کے ایس 400ائیر ڈیفنس سسٹم کو خطے میں نیٹو کے وسیع ائیرڈیفنس سسٹم کے مقابلے میں ناسازگار قرار دیاہے ۔امریکی حکام نے کہا وہ نہیں چاہتے تھے کہ ایف 35طیارے ایس 400سسٹم کے قریب ہوں۔