واشنگٹن(این این آئی،اے ایف پی )امریکہ میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ، حملہ آور نے خودکشی کرلی۔امریکی شہر انڈیانا میں جس جگہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ ایک کمرشل جگہ ہے جہاں معروف کوریئر کمپنی کا دفتر ہے اور ہر وقت لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے ،علاقہ کو انتہائی حساس قراردیدیا گیا، ایمرجنسی سروس طلب کرلی گئی ہے ،امریکی صدر جوبائیڈن نے فائرنگ سے 8 افراد کی ہلاکت کے سوگ میں قومی پرچم سرنگوں کرنے کا حکم دیدیا۔صدر نے اپنے بیان میں کہا امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں بہت سے شہری لقمہ اجل بن جاتے ہیں ، یہ واقعات ہمارے کردار پر ایک دھبہ اور قوم کی روح میں شگاف کی مانند ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شہر انڈیانا پولس میں فائرنگ سے آٹھ افرادہلاک ہوگئے ۔انڈیاناپولس حکام نے واقعے کی جگہ کو انتہائی حساس قرار دیکر ایمرجنسی سروس طلب کر لی ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ انڈیانا پولس ائیرپورٹ کے قریب پیش آیا جس میں آٹھ افرادکی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔پولیس حکام کے مطابق جس جگہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ ایک کمرشل جگہ ہے جہاں ہر وقت لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے ، اس بات کا خدشہ ہے کہ حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی ہے ۔انڈیاناپولس حکام نے واقعے کی جگہ کو انتہائی حساس قرار دیکر ایمرجنسی سروس طلب کر لی ہے ۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا کے دارالحکومت میں پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشہور کوریئر کمپنی کے دفتر کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ ہوا جس میں 8 افراد ہلاک ہو گئے ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے ۔