اٹلانٹا (ویب ڈیسک) یوں تو آپ نے آسمان سے برستی بارش دیکھی ہوگی لیکن جناب امریکا کے ہائی وے پر نوٹوں کی بارش برس گئی۔امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے ہائی وے پر دلچسپ صورتحال اُس وقت دیکھی گئی جب سڑک پر ہر طرف پانچ، دس اور بیس ڈالر کے سیکڑوں نوٹ بکھر گئے ۔کچھ لوگ جہاں اُن نوٹوں کو حسرت سے دیکھتے رہے وہیں کچھ نے موقع سے فائدہ اُٹھایا اور اپنی گاڑیوں سے اُتر کر نوٹ پکڑنے کی کوشش میں اِدھر اُدھر بھاگتے دوڑنے نظر آئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی کا دروازہ ہوا کے باعث کھل گیا اور یوں کئی نوٹ اُڑ کر سڑک پر گر گئے ۔دوسری جانب لوگوں کی نوٹ پکڑنے کی کوشش کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بلکہ کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔