کراچی(کامرس رپورٹر)دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں امریکا اور چین کی لڑائی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی روئی کی منڈیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور صرف 10کاروباری روز کے دوران دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس کریش ہونے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کاٹن اسٹیک ہولڈرز کے غیر معمولی معاشی بحران میں مبتلا ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پچھلے کچھ عرصے سے چین اور امریکا کے درمیان جاری اقتصادی جنگ نے اس وقت شدت اختیار کر لی جب چند روز قبل چینی نائب صدر کے دورہ امریکا سے قبل امریکی صدر کے متنازعہ بیانات کے باعث امریکا اور چین نے ایک دوسرے کی مصنوعات کی درآمد پر بھاری ٹیکسز کم کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا جس کے باعث چین کی جانب سے امریکا سے درآمد ہونے والی روئی کی درآمد مکمل طور پر معطل ہو نے سے امریکا،چین اور بھارت کی روئی کی منڈیوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان سامنے آ گیا جس کے منفی اثرات دنیا بھر کی کاٹن مارکیٹس پر مرتب ہونے سے نیویارک کاٹن ایکسچینج میں 16.8فیصدتک ،چین کی کاٹن مارکیٹس میں 11.5 فیصدتک جبکہ بھارت اور پاکستان میں بھی روئی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان سامنے آنے کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی کافی حدتک محدود ہو گئی ہیں ۔