پشاور (92نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ عمران خان کانیا پاکستان صرف جاگیرداروں کیلئے ہے جبکہ غریب دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں ،نئے پاکستان کے علمبرداروں نے عہدکررکھاہے کہ غربت کے بجائے غریب کوختم کرکے دم لیں گے ۔ شانگلہ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طرف مہنگائی کاطوفان جبکہ دوسری طرف ٹیکسوں کابھرمار نے عوام کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے ،نئے پاکستان میں غریبوں کیلئے مراعات کاکوئی نام ونشان نہیں ،ملک کی خدمت کرنے کیلئے عمران نیازی کوفرصت نہیں بلکہ اپوزیشن کوچور،ڈاکوکہنے اورسیاسی انتقام لینے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہاکہ نئے ترقیاتی منصوبے تودرکنارلیکن پرانے منصوبے جوتکمیل کے مراحل میں تھے اسے بھی ختم کردیاگیا،بشام خوازہ خیلہ اورچکدرہ کالام منصوبوں کوختم کرناعمران نیازی کی ذہنی خراس کازندہ مثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ہرمحب وطن پاکستانی کوسوچنا چاہئے کہ اس نااہل حکومت سے جان چھڑانے میں اپنا بھرپورکرداراداکرے ۔