لاہور( سپورٹس رپورٹر ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا شروع ہوگیا، جمعرات کے روز بہاولپور میں پہلا ٹاکرا ہو ا جس میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلے میچ میں پاکستان وائٹ نے زبردست مقابلہ کے بعد پاکستان گرین جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے ایران کو شکست دیدی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور کمشنر بہاولپور نیئر اقبال تھے ، تفصیلات کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا گیا ، جمعرات کو’’ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا ‘‘کا پہلا ٹاکرا بہاولپور میں ہوا ، جس میں پاکستان وائٹ نے پاکستان گرین کو 46-44 اور بھارت نے ایران کو 39-31سے شکست دیدی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور کمشنر بہاولپور نیئر اقبال نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔