اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانیز بغیر کٹوتی کے اپنے پیسے پاکستان بھیج سکتے ہیں ،نادرا کے ساتھ مل کر شہریوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں،ہیومن ریسورس مینجمنٹ سروس فراہم کر دی گئی ،اب کسی کی پرچی یا سفارش پر تبادلہ یا پوسٹنگ نہیں ہوگی۔ایک تقریب سے خطاب میں مراد سعید نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز بغیر کٹوتی کے اپنے پیسے پاکستان بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ دور دراز علاقوں میں بینکوں، ایڈورٹائزنگ کمپنی کا کردار بھی ادا کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نادرا کے ساتھ مل کر شہریوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں۔موبائل ایپ کی سہولت بھی شہریوں کو فراہم کی گئی ہے ،ہیومن ریسورس مینجمنٹ سروس فراہم کر دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ اب افسران کے این ٹی این نمبرز، انکی سروس سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔ایک سال میں 35 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ای کامرس سروس کیلئے وزارت کامرس سے رابطے میں ہیں۔شہریوں کو متبادل پیمنٹ سولیوشن فراہم کرینگے ۔