لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدراور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف آشیانہ اقبال سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں آج احتساب عدالت میں پیش ہونگے ۔نیب نے دونوں کیسز میں شہباز شریف اور دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنسز دائر کردیئے ۔ عدالت میں پیشی کے بعد شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نوازشریف سے ملاقات کے لئے کوٹ لکھپت جیل جائیں گے اور انہیں سیاسی صورتحال پر بریفنگ دینے کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل پر ہدایات بھی لیں گے ۔ملاقات کے دوران سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری پرتفصیلی بات چیت ، مستقبل قریب میں حکومت کیخلاف تحریک چلانے یا احتجاج،اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت اور اس کے ایجنڈے ، بجٹ سے مہنگائی کی لہر اور عوام کو اس سے بچانے کی تجاویز زیر غور آئیں گی۔