لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس کورونا وبا سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔ مایوس اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے ۔22 کروڑ عوام اپوزیشن کے دوغلے چہرے کو پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ لندن بیٹھ کر مزے لوٹنے والوں کی زبان سے دکھی انسانیت کی بات کسی صورت نہیں جچتی۔اپوزیشن جماعتیں کورونا وبا پر سیاست چمکانے سے گریز کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ سوچ اور دوراندیش فیصلوں سے خائف ہیں۔عوام کے تعاون سے کورونا وبا پر قابو پائیں گے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر لٹریسی راجہ راشد حفیظ نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر لٹریسی نے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے 10لاکھ روپے کا چیک وزیراعلی پنجاب کو پیش کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پرکہاکہ آزمائش کے وقت متاثرہ لوگوں کی مددکا جذبہ قابل ستائش ہے ۔سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہوگا۔