تہران(آئی این پی)ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران اپنا سکارف اتار کر لہرانے والی خاتون کو 20 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ خاتون شاپارک شجاری زادہ کو سکارف کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ رواں سال کے آغاز میں دارالحکومت تہران میں مہنگائی، بیروزگاری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا، جس کے دوران شاپارک نے اپنے سر سے سکارف اتار کر چھڑی پر باندھ کر ہوا میں لہرایا تھا۔ شاپارک کے سکارف لہرانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی اور عالمی میڈیا نے بھرپور کوریج کی تھی۔ شاپارک کو فروری میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ اپریل کے آخر میں ضمانت پر رہائی کے بعد سے روپوش ہے ۔خاتون نے اپنی ذاتی ویب سائٹ پر لکھا کہ اسے سکارف والے مقدمے میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔