لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ لاہور میں شرح جرائم میں مسلسل کمی مثبت علامت ہے ۔ یہ سب کچھ ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ عزم کا نتیجہ ہے ۔ لاہور سے تبدیل ہو کر اضلاع میں ڈی پی او تعینات ہونے والے ایس پی سی آئی اے عثمان باجوہ اور ایس پی سکیورٹی فیصل شہزاد کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب میں انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ لاہور میں کرائم ریٹ میں کمی آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایف آئی آرز کے اندراج میں رکاوٹیں دور کی ہیں اور اب پہلے سے زیادہ رفتار میں مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود بین الاقوامی سطح پر کرائم ریٹ میں کمی آنے کا اعتراف لاہور پولیس کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی کرائم انڈیکس میں ایک روز کے وقفے سے لاہور کے گریڈ میں ایک درجے کی مزید بہتری آئی ہے ۔