لاہور،اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،این این آئی) نیب نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کوآج طلب کر لیا ۔نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں پوچھے گئے سوالات کی تفصیل کا پتہ چل گیا ہے ،انہیں سات سوالات پر مشتمل طلبی کا سمن جاری کیا گیا جس کے مطابق کمپنی کے قیام کی سمری کیوں فنانس اور محکمہ قانون کی رائے لئے بغیر منظور کی گئی؟،جب ایک محکمہ پہلے سے کام کر رہا تھا تو اس کے باوجود ایل ڈبلیوایم سی کے قیام کو کیوں ضروری سمجھا گیا؟،کیاکمپنی کے قیام کے لئے تمام تقاضے پورے کئے گئے ، اگر نہیں تو پھر کس نکتے پر قیام کا فیصلہ کیا گیا؟،،ٹھیکیدار کمپنی آئی ایس ٹیک کو کیوں نیلامی کا عمل مکمل کیے بغیر ٹھیکہ دیا گیا؟۔شہباز شریف نیب کی جانب سے پوچھے گئے ان سوالوں کے جواب دیں گے اوراگر نیب کو مطمئن نہ کر سکے تو انہیں دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے ۔