لاہور(نامہ نگار)پاکستان کے 72واں یوم آزادی کو شایاں شان طریقے سے منانے کیلئے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی شہر کے دو مختلف روٹس جن میں B-10 ( ویلنشیاء تا ریلو ے سٹیشن) اور B-22 ( جلو موڑ تا جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ)روٹس پر دو آزادی بسیں چلا رہی ہے جن کو خصوصی طور پر پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے مینار پاکستان، قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال ، مزار قائد اور فیصل مسجد کی دلفریب تصاویر کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مریم خاور نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دوسرے محکموں کی طرح ایل ٹی سی کا پاکستان کے جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کا مقصد یوم آزادی کی اہمیت اور ہمارے قومی رہنماؤں کی طرف سے کی جانے والی لازوال کوششوں کو نوجوان نسل میں اجاگر کرنا ہے ۔