لاہور(جنرل رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب سمیت گرینڈ ہیلتھ الائنس نے آج سے غیر معینہ مدت کے لیے سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور، آپریشن تھیٹر، ریڈیالوجی، پتھالوجی سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا۔11اکتوبر کو ایم ٹی آئی ایکٹ کے پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے کی صورت میں ہسپتالوں کے تمام شعبہ جات بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ وائی ڈی اے پنجاب اور گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب پچھلے کئی ماہ سے سرکاری ہسپتالوں کی غیر اعلانیہ نجکاری کے خلاف سراپا احتجاج ہے ۔مختلف ہسپتالوں میں کنونشنز، آگاہی سیمینار ، پریس کانفرنسز ، سڑکوں پر احتجاج، آؤٹ ڈورز کے سامنے احتجاج اور لانگ مارچ سمیت تمام تر آپشنز استعمال کیے گئے مگر حکومت وقت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی جانب سے بارہا احتجاج کے باوجود حکومت وقت باز نہیں آئی اور چوری چھپے سے اس کالے قانون ایم ٹی آئی ایکٹ کو 11 اکتوبر سے شروع ہونے والے سیشن میں منظور کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردیں۔ہیلتھ اسٹینڈنگ کمیٹی پر دباؤ ڈال کر اس ایکٹ کو منظور کروالیا۔انہوں نے کہا کہ انہی حالات کے پیش نظر گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب نے مجبوراً انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔