لاہور (سٹاف رپورٹر)ا یشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے این ٹی ڈی سی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اظہار دلچسپی کیا ہے ۔ اس سلسلے میں مذکورہ بینک کے ایک وفد نے ڈائریکٹر جنرل انویسٹمنٹ ریجن Ms۔Supee Teravaninthornکی سربراہی میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) دفتر کا دورہ کیا اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی وجاہت سعید رانا سمیت این ٹی ڈی سی جنرل مینجرز اور چیف انجینئرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ کومزید فروغ دینے اورمضبوط کرنے کے خواہاں ہیں ۔ اجلاس میں این ٹی ڈی سی مینجمنٹ نے منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔ ا یشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفدنے مائر اسوئچنگ سٹیشن (کلرسیداں) تا500 کے وی نارتھ لاہور گرڈ سٹیشن تک 235کلو میٹر طویل500کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن اور کروٹ ہائیڈروپاور پراجیکٹ تا مائرا سوئچنگ سٹیشن تک 20کلو میٹر لمبی500 کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ۔مزید گفت و شنید کیلئے چیف انجینئرپراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ این ٹی ڈی سی کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ۔ بعدازاں ا یشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد نے وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) عمر ایوب خان اور سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کی ۔