لاہور(نیوز رپورٹر،صباح نیوز) باباگورونانک کی آج 480ویں برسی منائی جارہی ہے ،سکھ یاتریوں کی بڑ ی تعدادننکانہ صاحب پہنچ گئی ریلوے نے بھی سپیشل ٹرین کا اہتمام کیا ہے جبکہ یاتریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نک 1469 کوننکانہ صاحب میں پیدا ہوئے تھے بابا گرونانک اسلام اور ہندومت دونوں مذاہب کے گرویدہ تھے اور دونوں مذاہب کے پیروکاروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنے کی تعلیم دیتے تھے ،بابا گورونانک 10 اکتوبر1539 کو وفات پاگئے تھے ۔دریں اثنا لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق بڑی تعداد میں سکھ یاتری بذریعہ ٹرین کراچی سے ننکانہ صاحب پہنچ رہے ہیں جن کے لئے محکمہ ریلوے نے سپیشل ٹرین کا انتظام کیا ہے ۔اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس واجد ضیاء کی خصوصی ہدایات پر ڈی آئی جی آپریشنز اظہر رشید خان نے ریلوے پولیس کے ایس پیز کوتحریری احکا مات جاری کئے کہ سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔