اسلام آباد (اے پی پی) حالیہ بارشوں سے چنے کی پیداوار میں2 لاکھ ٹن کا اضافہ متوقع ہے ۔ زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ گذشتہ دسمبر سے وقفہ وقفہ سے ملک کے طول وعرض میں ہونے والی بروقت بارشوں سے بارانی علاقوں میں کاشت کئے گئے چنے کی پیداوارمیں بھرپور اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال چنے کی پیداوار3 لاکھ ٹن رہی تھی تاہم حالیہ بارشوں سے پیداوار5 لاکھ ٹن تک بڑھنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال گذشتہ سال کے مقابلہ میں20 فیصد کم رقبہ پر چنا کی فصل کاشت کی گئی ہے اور زیر کاشت رقبہ میں کمی کے باوجود پیداوار میں دو لاکھ ٹن تک کے اضافہ سے بارانی علاقہ جات کی معیشت پر انتہائی خوشگوار اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ چنے کی پیداوار میں اضافہ سے چنے اورچنے کی دال کی درآمد میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا جاسکے گا۔