لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ن لیگ کے رہنماؤں کی جانب سے بزدار حکومت کی کارکردگی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے اور پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ آل شریف نے اپنی بچی کھچی عزت کی رکھوالی کیلئے اپنے ترجمانوں کی سخت ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے ، جنہوں نے قومی اسمبلی سے منہ کی کھانے کے بعد پنجاب میں بزدار حکومت کے خلاف جھوٹ اور غلط بیانی کا محاذ کھول لیا ہے ۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وفاق کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کا بجٹ بھی پورے تزک و احتشام کے ساتھ منظور ہو گا اور اپوزایشن کو رسوائی اور جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آلِ شریف نے اسمبلی کے فلور، عدالت کے کٹہرے اور عوام کی عدالت میں جھوٹ کی انتہا کر دی تھی۔ اسی جھوٹ کی وجہ سے نواز شریف لندن، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نیب اور بیگم صفدر اعوان رائیونڈ کو پیاری ہو چکی ہیں اور لیگی ترجمانوں نے بھی اسی جھوٹ کا رٹا رٹایا پہاڑا دہرایا۔