کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،وقائع نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ)پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نیا اسٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس یرموک بھی شامل ہوگیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہازپی این ایس یرموک کی پاکستان نیوی بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈکراچی میں ہوئی،تقریب میں چیف آف دی نیول سٹا ف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے ،نئے جدیدجہازکی شمولیت سے ملکی سمندری حدود اور بحری مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہو گا ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ،نیول چیف کی جانب سے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیرپر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ اور پراجیکٹ ٹیم کو سراہا گیا،یہ جدید جنگی جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ ویپن اور ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے اور پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے ،اس سلسلے کا دوسرا جہاز پی این ایس تبوک عنقریب پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جائے گا۔