قاہرہ (این این آئی)مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ اسلام میں گھر کے لیے اطاعت کا کوئی تصور نہیں۔ اگر مال کی ترقی میں بیوی کا کوئی کردار ہے تو وہ شوہر کے مال میں حصہ لینے کا حق رکھتی ہے ، ایک بیان میں شیخ الازھر نے کہا کہ خواتین عدلیہ اور افتا جیسے اعلی عہدوں پرکام کرسکتی ہیں۔ اگر محرم کے بغیر سفر کرنے میں کوئی خطرہ نہ ہوخواتین بغیر محرم کے سفر بھی کرسکتی ہیں، شیخ الازھر نے بغیر کسی ٹھوس سبب کے بیوی کو طلاق دینے کے عمل کو ظالمانہ اور اخلاقی جرم قرار دیا، شیخ الازھر نے جامعہ الازھر کے زیراہتمام ہونے والے فقہی اجتہادات کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کو اس کے مفادات میں وافر حصہ وصول کرنے کا حق ہے ، اس کے مفادات میں خاتون کا سفربھی شامل ہے ۔ پرانے زمانے میں خواتین کے اغوا یا عصمت ریزی اور اسے باندی بنائے جانے کے ڈر سے خواتین کا تنہا سفر کرنا ایک طعنہ تھا، ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا کہ جدید فقہی اجتہاد میں خواتین کو ریاست کی کلیدی ذمہ داریوں پر فائز کیا جاسکتا ہے ، خواتین عدلیہ میں جج اور افتا جیسے شعبوں میں بھی خدمات انجام دے سکتی ہیں۔