لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنرنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان میں ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنرنے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے کامیاب دورہ پاکستان خصوصاً لاہور میں شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، سیاحت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں۔ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور میں سپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اورہم برطانوی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔برطانوی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری پر ہر ممکن سہولتیں دیں گے ۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا بہت پوٹینشل ہے ۔ پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں تاریخی ورثہ بے مثال ہے ۔ شعبہ سیاحت میں بھی پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ میں پہلی بار لاہور کے دورے پر آیا ہوں، بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہر ہے ۔ میں چاہتا ہوں کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شرکت کی دعوت دی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے داجل میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں بارشوں کی وجہ سے پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ، پولیس اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے 24 گھنٹے چوکس رہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو برفباری اورشدید بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔بعدازاں انہوں نے کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم کی 8ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی ہونہار اورذہین بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے ۔ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔