لندن (این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی حکومت ہے ، عوا م تحریک انصاف کے ساتھ ہے ۔ برطانیہ سے پاکستانی دولت اور اسحاق ڈار کو واپس لائینگے ۔ منی لانڈرنگ کی ریکوری اسحاق ڈار سے ہی شروع کرینگے ۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آرہی ہے ۔وزیراعظم کہتے ہیں کہ افغانستان کا مسئلہ جنگ سے حل نہیں ہوسکتا۔دہشتگردی کیخلاف پوری قوم متحد ہے ۔حکومت بد عنوانی کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی چاہتے ہیں ۔بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ پرانا ہے ۔ وزیر اعظم اس معاملے کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔مڈٹرم الیکشن کی بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔بدھ کو ’’نیا پاکستان ، چیلنجز اور مواقع‘‘کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ اورشفافیت تحریک انصاف کا بنیادی نعرہ اور ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ، حکومت اورسول سوسائٹی سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ،بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔