ممبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹو ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ میں سب کی نظریں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی پر ہیں۔پاکستان کی اوپننگ بیٹسمین جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان اس برس ٹی ٹونٹی کرکٹ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شامل ہے ۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے 24 اکتوبر کو جب پاکستان کا بھارت سے مقابلہ ہوگا تو سب کی نظریں ان دونوں بیٹسمینوں پر ہوں گی۔کرکٹ کی دنیا کے اس سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل بابر اعظم اور رضوان کو بھارتی کرکٹ کے شائقین کی طرف سے گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کو ورلڈ کپ کے مقابلوں میں بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جارہا ہے ۔بابر اور رضوان نے رواں برس ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک ساتھ 736 رنز بنائے ہیں ، 57 کی شاندار اوسط سے دونوں یہ رنز محض 13 ٹی ٹونٹی میچز میں بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ انہوں نے اوپننگ جوڑی کے طور پر 521 رنز جوڑے ہیں۔