واشنگٹن ( نیٹ نیوز) بل اور ملینڈا گیٹس کی طلاق ابھی ہوئی نہیں مگر اس جوڑے نے اثاثوں کی تقسیم کا عمل شروع کردیا ، اس کے نتیجے میں ملینڈا فرنچ گیٹس اب ارب پتی بن گئی ہیں، بل گیٹس کیسرمایہ کاری کرنے والی کمپنی نے چند دن کے دوران 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کے حصص سٹاک ملینڈا کے نام منتقل کیے ، پہلے 3 مئی کو 1.8 ارب ڈالرز کی سیکیورٹیز ملینڈا کے نام منتقل کی گئیں، یعنی اسی دن جب اس جوڑے کی جانب سے اچانک 27 سال کی شادی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا گیا تھا، اب مزید 50 کروڑ ڈالرز کے حصص ملینڈا گیٹس کے حوالے کیے گئے ہیں۔ بل گیٹس کی جانب سے حصص سٹاک کو منتقل کرنے کا عمل طلاق کے معاملے کا ہی حصہ ہے ۔عدالت میں دائر درخواست کے مطابق جوڑے نے جج سے کہا کہ وہ ان کے اثاثے ایک سیپریشن کنٹریکٹ کے تحت تقسیم کردے ۔یہ معاہدہ عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ایک جوڑا الگ رہ رہا ہو مگر ان کی طلاق نہ ہوئی ہو، اس دستاویز کی شرائط ابھی سامنے نہیں آئیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ملینڈا گیٹس اپنے شوہر سے طلاق لینے پر دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں جن کی دولت 73 ارب ڈالر ہوسکتی ہے ۔