ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)افغانستان نے بنگلہ دیش کو 224رنز سے عبرت ناک شکست دے کر لمبی طرز کی کرکٹ سیریز پہلی مرتبہ اپنے نام کر لی ہے ۔ چٹاگانگ میں398رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 175رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ۔چٹا گانگ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیتا اور رحمت شاہ نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی جبکہ اصغر افغان نے 92ویں رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کی بدولت انہوں نے اپنی پہلی اننگز میں342رنز سکور کئے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے تیجل اسلام نے 4جبکہ شکیب الحسن اور نعیم حسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔شکیب الحسن الیون کی پہلی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا، محمد نبی اور راشد خان کی تباہ کن بولنگ کے آگے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم205رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ راشد خان نے پانچ جبکہ محمد نبی نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔105رنز کی لیڈ کے ساتھ افغانستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔راشد خان الیون نے ابراھیم زادران کے 87رنز کی بدولت260رنز بنائے اور ان کے تمام کھلاڑی آئوٹ ہو گئے ۔اس طرح افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کو398رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب ہو گئی۔جواب میں بنگلہ دیش کی پوری بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی ۔ افغانستان کی جانب سے ایک بار پھر کپتان راشد خان نے 6جبکہ ظاہر خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔یاد رہے کہ افغانستان کی ٹیم رواں سال مارچ میں آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی فتح کا مزہ چکھ چکی ہے ۔