لاہور(پ ر )آزاد کشمیرکے وزیر ٹرانسپورٹ ،جنگلات اورفشریز ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بدترین بھارتی بربریت نے کشمیریوں کوکندن بنادیا،ان کاعزم واستقلال اورحوصلہ مزید مضبوط اور بلندہوگیا۔نڈر کشمیری بھارتی سورمائوں کوسرنڈرکرنے پرمجبورکردیں گے ۔نریندرمودی اپنے تمام ترفسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کوڈرانے ،جھکانے اوردبانے میں بری طر ح ناکام رہا ۔بھارت جس قدردبا ئے گاقانون فطرت کے تحت تحریک آزادی کشمیر اس قدرابھرتی چلی جائے گی۔اب دنیا جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور وہاں کشت وخون سمیت مجموعی صورتحال کوان دیکھا نہیں کرسکتی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہورمیں کاشانہ ویلفیئرہوم کادورہ کرنے کے بعدوہاں موجود یتیم وناداراوربے سہارا بیٹیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ناصر حسین ڈار نے کاشانہ ہوم میں زیرکفالت بیٹیوں کے قیام وطعام کیلئے فراہم کی جانیوالی جدید سہولیات سمیت اس کے مختلف شعبہ جات کاجائزہ لیا۔انہوں نے کاشانہ ہوم میں مجموعی طورپرصفائی ستھرائی اور معیاری انتظامات دیکھتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ مسزافشاں لطیف کی انتظامی قابلیت اورصلاحیت کوسراہا۔ناصرحسین ڈار نے کاشانہ کی یتیم وناداربیٹیوں سے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال بارے کچھ سوالات پوچھے جس کے جوابات سن کرانہیں خوشگوار حیرت ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ کاشانہ کی یتیم وبے سہارابیٹیوں کاجموں وکشمیر کی موجودہ نازک صورتحال سے آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کیلئے پریشان اورفکرمندہوناقابل قدر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشانہ میں اہل کشمیر کیلئے ہونیوالی خصوصی اجتماعی دعائیہ تقریبات کے انعقاد پرسپرنٹنڈنٹ مسزافشاں لطیف اوریتیم وبے سہارابیٹیوں کے صادق جذبوں کوسراہا۔