لاہور ( کرائم رپورٹر، این این آئی، آن لائن) معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو بھارتی ترانے پر رقص کرنا مہنگا پڑ گیا۔لاہور کے تھانہ سول لائنز میں اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی گئی ۔تفصیلات کے مطابق شہری حماد نے گلوکار عاطف اسلم کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ سول لائنز میں درخواست دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عاطف اسلم نے امریکہ میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقد تقریب میں بھارتی ترانے پر رقص کرکے پاکستانی شہریوں کے جذبات مجروح کئے ہیں، جبکہ گلوکار نے تقریب میں پاکستانی پرچم تھامنے سے انکار کرکے قومی پرچم کی بھی توہین کی ہے ۔پولیس نے درخواست وصول کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی۔دوسری جانب عاطف اسلم نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ سبز ہلالی پرچم میری پہچان ہے ، پاکستان مجھے دل و جان سے عزیز ہے ،عزت اور ذلت اﷲ کے ہاتھ میں ہے ، میں خود سے نفرت کرنیوالوں سے بھی محبت کرتا ہوں۔