سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کا جمعرات کو مسلسل 46ویں روز بھی سخت فوجی محاصرہ برقرار رہا اور لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کی بھاری تعیناتی کی وجہ سے لوگ گھروں کے اندر رہنے پر مجبور ہیں اور ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔ مسلسل محاصرے کی وجہ سے مقبوضہ وادی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ۔ گھروں کے اندر محصور لوگ اپنی روز مرہ کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ دودھ ، بچوں کی غذا، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ سخت پریشان ہیں اور وادی کشمیر انسانی بحران سے دوچار ہے ۔ بازار ، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پرٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے ۔ قابض انتظامیہ نے وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس معطل جبکہ ٹی وی نشریات بند کر رکھی ہیں۔