اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی ۔بھارتی افواج نے 13اگست کو ایل او سی کے ہاٹ سپرنگ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں38سالہ ریاض احمد شہید ہو گیا تھا ۔ ترجمان کے مطابق بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ ترجمان نے کہابھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے بھی خطرہ ہے ، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے ۔