نئی دہلی (صباح نیوز)تارکینِ وطن کے لیے کام کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم نے بھارت کو غیر ملکیوں کے لیے جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا ہے ۔'انٹر نیشن' 64 ملکوں میں کام کر رہی ہے ااور ان افراد کی معاونت کرتی ہے جو اپنا ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں رہائش پذیر ہیں،اس نے اپنے ایک حالیہ سروے کے بعد غیر ملکیوں کے لیے دنیا کے بہترین اور خطرناک ملکوں کی فہرست جاری کی ہے ،اس سروے میں 182 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 20 ہزار 259 افراد کی رائے لی گئی۔ رائے دہندگان میں وہ لوگ شامل تھے جو اپنا آبائی ملک چھوڑ کر دنیا کے دیگر 187 ملکوں میں رہائش پذیر ہیں۔سروے میں معیارِ زندگی، رہائشی اخراجات، سکیورٹی اور تحفظ، امن و امان اور سیاسی استحکام کے بارے میں رائے لی گئی تھی،'انٹر نیشن' نے سکیورٹی اور تحفظ کے لحاظ سے جنوبی ایشیا کے خطرناک ترین ملکوں میں بھارت کو پہلا ، جبکہ دنیا کے خطرناک ملکوں میں پانچواں نمبر دیاہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان غیر ملکیوں کے لیے خطرناک ترین ملکوں کی فہرست کے ابتدائی 20 ممالک میں بھی شامل نہیں۔بھارت کو جنوبی ایشیا کا خطرناک ترین ملک قرار دئیے جانے پر بھارتی شہری سوشل میڈیا پر سخت ردِ عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔